خبر نامہ نمبر 293/2019 
کوئٹہ 28جنوری :۔گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ عوام کو یکساں حقوق ،ترقی کے مو اقع اور سہولیات فراہم کرنا ہی جمہوریت کی اصل روح ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر تشکیل دی جانے والی پالیسوں کے ثمرات عوام تک پہنچانا اشد ضروری ہے اوراس ضمن میں موجو د ہ حکومت عوامی مسائل و مشکلات کے پائیدا رحل اور ان کی بنیاد ی سہو لیات کواُن کے دہلیز پر پہنچانے کیلئے کو شاں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دشت کے علاقے کے سماجی رہنما بشیر احمد نچاری کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے گورنر کو علاقہ کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔گورنر نے ان کے مسائل ومشکلات کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔
()()()
خبر نامہ نمبر 294/2019
کوئٹہ28 جنوری۔ صوبائی وزیر آبپاشی نوابزادہ طارق مگسی سے رکن صوبائی اسمبلی میر گہرام بگٹی ، پارلیمانی سیکریٹری کیو ڈی اے و اربن پلاننگ محترمہ بشریٰ رند اور سابق نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد نے پیر کے روز یہاں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، کچھی کینال کے فیز II پر کام کے آغاز سمیت صوبہ کو درپیش پانی کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھی کینال کے فیز II پر کام کے آغاز کیلئے وفاقی حکومت سے جلد رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے ۔ فیز II اور فیز IIIکی تکمیل سے زراعت کے شعبہ کو مستحکم کرنے کیساتھ ساتھ علاقے کے لوگ بھی خوشحال ہوں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مؤثر مواصلاتی نظام مضبوط معیشت کا ضامن ہوسکتا ہے ۔ موجودہ حکومت مواصلات ، آبپاشی ، صحت اور تعلیم کے سیکٹر کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ شاہرات کی بہتری سے نہ صرف صوبہ کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے ٹرانسپورٹ کے وسائل دستیاب ہوتے ہیں جس سے لوگوں کیلئے روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی میں بھی مدد ملتی ہے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 295/2019
خضدار28جنوری ۔وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ صوبائی حکومت محکمہ جیل خانہ جات اور جیلوں میں خصوصی اصلاحات لانے کے لیے پر عزم ہے جس کامقصد جیلوں میں قید افراد کی معاشرتی اور سماجی اصلاح، تعلیمی اور فنی تربیت سمیت قیدیوں کی جسمانی صحت اور تفریح کے لیے کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ صوبائی حکومت صوبہ میں ایسے ماحول کا قیام عمل میں لانا چاہتی ہے جہاں جرائم، شدت پسندی، لسانی اور مذہبی تعصب، شرپسندی، اور دہشت گردی کیلئے کوئی گنجائش نہ ہو ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹرل جیل خضدار کے دور ے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی خضدار سید جاید احمد غرشین ، سپرنٹنڈٹ سینٹرل جیل خضدار فرید اللہ نوشیروانی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی ، بی این پی (عوامی) کے منیراحمد لانگو ودیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں ایس ایس پی خضدار سید جاوید غرشین نے خضدار میں پولیس کی جانب سے قیامِ امن اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے کیئے گئے کے اقدامات کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی اور پولیس کو درپیش مسائل سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔ سپرنٹنڈ ٹ سینٹرل جیل خضدار فرید اللہ خان نوشیروانی نے صوبائی وزیر داخلہ کو سینٹرل جیل خضدار میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی اور اسٹاف کی کمی کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ سینٹرل جیل خضدار کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیرداخلہ ضیاء اللہ لانگو نے معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں اور کم عمر قیدیوں کے قید میں دو ماہ کی تخفیف ا علان بھی کردیا ایسے قیدی جو جرمانہ کی رقم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے رہا نہ ہو پا رہے تھے صوبائی وزیر نے انکے جرمانہ ادا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ انکی کوشش ہے کہ پولیس کو جدید سہولیات اور اسلحہ سے لیس کیا جائے، جہاں پولیس نفری کی کمی کا سامنا ہے وہاں پولیس نفری کی کمی کو پورا کیا جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ خان لانگو نے لسبیلہ میں آگ کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے والی بس کا معائنہ کیا ، انہوں نے کہاکہ بس کا حادثہ اور اس میں قیمتی جانوں کا ضائع ہونا پورے صوبے کیلئے بہت بڑا سانحہ ہے اس واقع پر کمیٹی بن چکی ہے اور ذمہ داروں کو ضرور سامنے لاکر ان کو سزادی جائیگی اور آئندہ ایسے واقعات کے روک تھام کے لئے موثر اقدامات کیئے جائیں گے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 296/2019
کوئٹہ28جنوری۔ صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی سے پیر کے روز ڈی جی پی ڈی ایم عمران زرکون،چیئرمین بی ڈی اے محمد اکبر لاشاری سمیت مختلف سرکاری و غیر سرکاری لوگوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے و دیگر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بروقت بارشوں کے نہ ہونے اور طویل خشک سالی کی وجہ سے صوبے کے اکثر علاقوں میں لوگ مشکلات کا شکار ہیں لہٰذاصوبائی حکومت متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں قحط زدہ بعض علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے خشک سالی کی اثرات میں کمی آئی ہے تاہم موجودہ بارشیں اس حوالے سے کم ہیں۔ انہوں نے عمران زرکون کا بطور ڈی جی پی ڈی ایم اے تعینات ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ محکمے کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کو نہایت سنجیدگی سے نہ صرف انجام دینے کے لیے عملی کوششیں کریں بلکہ خدا نخواستہ کسی بھی موقع پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمانہ امور کی انجام دہی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے۔ اس موقع پر چیئرمین بی ڈی اے محمد اکبر لاشاری نے صوبائی وزیر کو اپنے محکمے کو درپیش مالی مسائل کے بارے میں آگاہ کیاصوبائی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 297/2019
کوئٹہ 28جنوری :۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای ،واسا حاجی نورمحمد دمڑ نے ضلع ہرنائی کا ایک روزہ دورہ کیا ،دورے کے دوران انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں ۔صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر کارکردگی کی بدولت جلد ہی عوام کی تقدیر بدل دیں گے،عوام سے انتخابات سے پہلے جو وعدے کئے تھے ان کو عملی جامہ پہنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ا پنے حلقے میں سڑ کوں کی تعمیر ومرمت ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں این ایچ اے کی ٹیم نے ہرنائی کا بھی دورہ کیا ہے ،زیارت کراس تا ہرنائی ،ہرنائی تا سنجاوی روڈ کی تعمیر ومرمت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ تما م حلقے کے عوام میر ے لیے برابر ہیں تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام شروع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں ایک وژن کے مطابق کام کررہی ہے ،موجودہ حکومت کی بہتر کارکردگی کی بدولت جلد ہی عوام بہتری محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا ضلع ہرنائی میں بجلی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے اور ضلع ہرنائی کے عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 298/2019
کوئٹہ28 جنوری۔پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کی جانب سے تمام ٹرانسپورٹروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اند رون اور بیرون صوبے چلنے والی تمام مسافر گاڑیاں،کو چز اورو یگنوں پر صوبائی حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اس سلسلے میں تمام ٹرانسپورٹروں کو کہا جاتا ہے کہ انہوں نے پرمٹ حاصل کرتے وقت تمام قوانین کی پاسداری کا اقرار کیا ہے اس لیئے اپنی مسافر گاڑیوں میں ڈیزل اور پیٹرول کی نقل و حمل سے گریز کرتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ جن مسافر گاڑیوں میں ڈیزل اور پیٹرول کی نقل و حمل ہوئی ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انکے روٹ پرمٹ منسوخ کئے جائیں گے ۔جبکہ تمام آر ٹی ایز اور ڈپٹی کمشنر ز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام چیک پوسٹوں پر مسافرگاڑیوں میں ڈیزل اور پیٹرول کی نقل و حمل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں مذکورہ گاڑی کے مالک کے خلاف مقدمہ اور روٹ پرمٹ کی منسوخی کے سلسلے میں پی ٹی اے بلوچستان آفس سے رجوع کیا جائے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 299/2019
کوئٹہ28جنوری :۔محکمہ ماہی گیری وساحلی ترقی حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق نذیر احمد ،محمد اشرف ،شمس الحق ،سبزل خان ،محمدخالد ،عبدالرازاق ،نو رالدین اور آصف علی کو فشریز آفیسر B-16سے باقاعدہ بنیادوں پرترقی دیکر اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فشریزB-17پر تعینات کردیا گیا ہے ۔جس کا اطلاق 7نومبر 2018ء سے ہوگا ۔
()()()
انتقال پرملال 
کوئٹہ28 جنوری۔ مرحوم محبوب عتیق خان کی اہلیہ بقضائے الہٰی انتقال کر گئیں ۔مرحومہ مقصود عتیق خان ، جاوید محبوب ، فیصل محبوب ، محسن محبوب کی والدہ ، محمود عتیق خان ،حیدر عتیق خان ، منظور عتیق خان ، طارق عتیق خان کی بھابھی ، نسیم اسلم خان کی خوشدامن اور جنید محمود خان کی چچی تھیں ۔ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی مسجد قدیم جان نزد صدیقہ مسجد صدیقہ مرکز روڈکوئٹہ میں جاری ہے ۔ 
()()()

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Post comment