خبرنامہ نمبر1514/2019
کوئٹہ 27اپریل :۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال بناتے ہوئے گراں فروشوں کے خلاف اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں اے سی صدر اور سپیشل مجسٹریٹس نے شہر کے مختلف علاقوں میں اشیاءخوردونوش کی دکانوں پر چھاپے لگاتے ہوئے گراں فروشی کرنے پر پانچ دکانوں کو سیل کرتے ہوئے دکانداروں کو گرفتار کرلیا جبکہ گراں فروشوں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے۔اے سی صدر ببرک خان نے کارروائی کے دوران گراں فروشوں کو ایک لاکھ 18 ہزار روپے اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن(ر) عارف نے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے اسپیشل مجسٹریٹ صدر نے ایک لاکھ 70 ہزار روپے اور اسپیشل مجسٹریٹ سٹی نے ایک لاکھ 55 ہزار روپے جرمانے کیے مجموعی طور پر گراں فروشوں کو پانچ لاکھ 93 ہزار روپے جرمانے کئے گئے زخیرہ اندوزوں گراں فروشوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1515/2019
کوئٹہ 27اپریل :۔حکومت بلوچستان نے آئندہ مالی سال میں زمینداروں اور مالداروں کی سہولت اور ان کی زرعی اور نامیاتی پیداوار کی بڑی منڈیوں تک بروقت رسائی ممکن بنانے کے لئے فارم ٹو مارکیٹ روڈ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا وژ ن ہے کہ زراعت اور مالداری کے شعبے صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان دونوں شعبوں کی ترقی اور عوام کے لیے ان میں روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ان کا کہنا ہے کہ چونکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے زمینداراورمالدار پورا سال اپنی زمینوں پر محنت کرتے ہیں لیکن زرعی پیداوار کی بروقت مارکیٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ان کی محنت کا ثمر اس طرح سے نہیں ملتا جیسے کہ ملنے کا حق ہے ا ور نہ ہی وہ زراعت سے متعلق جدید سہولیات سے مستفید ہوپاتے ہیں زمینداروں اور مالداروں کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ فارم تا مارکیٹ تک رسائی کے لیے صوبے بھر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کے لیے حکمت عملی وتجاویز فوری طور پر تیار کرکے پیش کریں تاکہ آئندہ ایس ڈی پی 2019-2020 میں یہ منصوبہ بھی شامل کیا جاسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1516/2019
کوئٹہ27اپریل: ۔بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام پولیس انویسٹیگیشن آفیسرز اور پراسیکوٹر آف پراسیکوشن ڈیپارٹمنٹ کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کے مہمان خصوصی جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس محمدکامران ملاخیل تھے۔ تربیتی پروگرام میں آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور جسٹس (ر) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی سید انور افتاب، اے آئی جی لیگل نوشاد یونس اور ایڈیشنل سیکرٹری پراسیکوشن قاضی مشتاق احمد نے بھی شرکت کی، تین ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام میں اے ایس آئی سب انسپکٹر اور ڈی ایس پی رینک کے افسران نے حصہ لیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1517/2019
کوہلو27اپریل :۔ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداللہ خان کھوسہ نے گزشتہ روز اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور میڈیسن سینٹر،ایکسرے روم،شعبہ حادثات ،میل و فیمیل وارڈ اور لیبارٹری کا معائنہ کرنے کے ساتھ مریضوں کی عیادت کی اس موقع پر اُن کے ہمراہ ایم ایس ڈاکٹر عطااللہ مری،اسسٹنٹ ٹو ڈی سی حاجی قادر قیصرانی اور صحافی موجود تھے ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ نے ہسپتال میں صفائی کو بہتر کرنے کیلئے ہدایت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میںمریضوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرینگے ہماری کوشش ہے کہ مریضوں کو تمام طبعی سہولیات میسر ہوں جس کےلئے صوبائی وزیر صحت کی خصوصی ہدایت ہیں ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں اچانک دورے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1518/2019
کوئٹہ 27اپریل :۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان کی زیر صدارت ڈویژنل رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ شفقت شاہوانی ، ڈپٹی کمشنر پشین اورنگزیب بادینی کے علاوہ ڈائریکٹر ڈوپلمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہوراحمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈوپلمنٹ محمد عرفان ،ایکسین پی ایچ ای ،ایکسین ایریگیش قلعہ عبداللہ ،پشین، مختلف محکموں کے ایس ڈی اﺅز اور دیگر متعلقہ محکمے کے آفسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف اسکمیات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ تمام ترقیاتی بجٹ میں اجتما عی نوعیت کے منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دی جائے تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی جیسے منصوبوں سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں امن و امان کی بہتری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے لیویز فورس کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے ۔صفائی و ستھرائی کے سلسلے میں تمام علاقوں پر خصو صی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔دوردراز علاقوں میں عوام کی معیار زندگی بلند کرنے کے لئے خصوصی منصوبے شامل کئے جائیں۔اور ضلعی اور تحصیل پر سرکاری آفسران کے لئے دفاتر کی تعمیرانتہائی ضروری ہے ۔جبکہ ایسے منصوبے بجٹ میں شامل نہ کیا جائے جس میں انفرادی یا شخصی مفاد موجود ہو۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی میعار زندگی میں بہتری لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں وسائل کو درست طریقہ سے بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے مفاد میں احتماعی نوعیت کے منصوبوں کو فوقیت دی جائے تمام ترقیاتی منصوبے بروقت اور میعار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام ان منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری وسائل کا صحیح اوردرست استعمال کرنے سے ہی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہو سکتے ہیں اور علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہے اسکے استعمال میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام ترقیاتی منصوبوں کی پائیدار اور میعار کے مطابق کام کی مانیٹرنگ کرنی چاہیے تاکہ ناقص اور میعار میں خرابی نظرآنے پر فوری طور پر دور کیا جائے ۔یونین کونسل میں ترقیاتی کام کرنے سے عوام کو واضح تبدیلی نظر آئے گی۔اسلئے تمام ترقیاتی منصوبوں اور عمل میں عوام کی شرکت اور اعتماد ضروری ہے تاکہ وہ بھی ترقیاتی عمل میں شامل رہے۔ اجلاس میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ اور تجویز کردہ اسکیمات پر بحث کی گئی اور عوامی مفاد اورفلاح وبہبود کے حامل متعدد منصوبوں کی منظوری کی سفارش کی گئی جبکہ غیرضروری منصوبوں اور چیزوں کو مسترد کردیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1519/2019
لورالائی27اپریل :۔کمشنر ژوب ڈویژن بشیر احمد خان بازئی اور برگیڈئیر نارتھ لیاقت علی نے کہا ہے کہ نوجوان اپنی تمام تر توجہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی مرکوز رکھ کر منشیات سے دور ر ہے کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد رہیں گے وہاں پر ہسپتال ویران ہونگے ،ژوب ڈویژن کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے انہیں ہر میدان میں جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی اسٹیڈیم میں 2019ء23مارچ سے شروع ہونے والے سپورٹس فیسٹیول کے اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا یوم پاکستان سے آج تک مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں فٹ بال،کرکٹ ،رساکشی،باڈی بلڈنگ،رائفل شوٹنگ،وشوکراٹے اور دیگر مختلف کھیل کھیلے گئے ،ہفتہ کے روز فائنل میں باچا خان فٹ بال کلب اور پرنس فٹ بال کلب کے درمیان ایک شاندار میچ کھیلا گیا جبکہ دونوں ٹیمیں برابر ہونے کے بعدٹاس کے ذریعے باچا خان فٹ بال کلب نے میچ جیت لیا ،جبکہ فائنل میں لیویز اہلکاروں نے چار ماہ ایف سی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنے فن کا مظاہرکیا اور پشتو میوزک کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی کر نل عامر مختیار ،ڈپٹی کمشنر لورالائی کاشف نبی بلوچ،ڈپٹی کمشنر دکی اعجاز احمد جعفر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ظفر اللہ شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گل محمد کاکڑ،اے ڈی آئی جی مجید دستی ،اسسٹنٹ کمشنر بوری جمعہ داد مندوخیل ،عوامی نمائندوں سمیت دیگر قبائلی متعبرین،سکول اور کا لجوں کے طلباءاور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،انہوں نے کہاکہ آج اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور اسے شکست فاش سے دوچار کر سکتے ہیںحکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ٹورنامنٹ کرائے جائیں ،وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے نوجوان مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے کھیل کی بدولت ہی سے امن ،محبت اور آپس میں اتحاد و اتفاق کوفروغ ملے گا ،کھیل کسی بھی معاشرے میں نوجوان نسل کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے صحت معاشرے کے قیام کیلئے کھیل اور کھلا ڑیوں کو سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے کسی بھی میدان میں جب تک نوجوان دلچسپی نہیں لیں گے تب تک کامیاب نہیں ہوسکتے اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،نوجوان ہمت سے کام لیںہمت اور لگن سے کھیل کا مظاہرہ کریں اور آگے بڑھیں ،ہم ڈویژن کی سطح پر کھیل کے حوالے سے نوجوانوں کی بھرپور مدد اور حوصلہ افزائی کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1520/2019
کوئٹہ 27 اپریل :۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی موجودہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا اس حوالے سے صوبے کی دور دراز علاقوں میں عوام کو زندگی کی اہم ضرورتیں اور بہترین سہولیات پہنچانا ہمارے منشور کا حصہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر رخشان ڈویڑن نصیر ناصر اور ضلع نوشکی کے مختلف محکموں کے آفیسران کے ساتھ ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا, اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع نوشکی کی ترقی اور درپیش مسائل کا حل انکی دیرینہ خواہشات میں شامل ہے کیونکہ وہ نوشکی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں لہٰذا صوبے کے اس اہم ضلع کی ترقی سے جہاں علاقے کے عوام کو فائدہ ہوگا وہیں اس ترقی کے اثرات پورے صوبے پر بھی مرتب ہوں گے, اس موقع پر اجلاس میں ضلع میں قلت آب پر قابو پانے کیلئے خیسار پٹی ڈیم, ریکو ڈیم کیلئے مطلوبہ رقم کی فراہمی سمیت سرکٹ ہاوس, ڈی سی اینکسی, آفیسرز کلب اینکسی اور ڈی ایچ کیو نوشکی میں خطیر رقم کے ذریعے تعمیر و مرمت اور دیگر اہم  ضروریات کو پوری کرنے کیلئے فیصلے کیے گئے اجلاس میں صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بجٹ میں ضلع نوشکی کی تعمیر و ترقی کیلئے نئی اسکیموں کی منظوری کیلئے بھی ضروری اقدامات کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1521/2019
کوئٹہ 27اپریل :۔پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی محمد مبین خان خلجی نے کہا ہے کہ قائد اعظم کا فرمان ایمان، اتحاد،تنظیم زندگی گزارنے کے بہترین اصول ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمارٹ ایجوکیشنل اکیڈمی میں منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب تقسیم میں اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں ڈسپلن پیدا کر کے ترقی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا قائداعظم کا پاکستان حقیقت میں اس وقت وجود میں آئے گا جب ہمارے طلبہ ڈسپلن کو زندگی گزارنے کا اصول بنا لیں گے ۔انہوں نے کہا طلبہ کو چاہیے کہ وہ محنت کریں اور اپنی کمزوریوں کو محنت کی بدولت راستے کی دیوار نہ بننے دیں پا رلیمانی سیکرٹری برائے توانائی محمد مبین خان خلجی نے اس موقع پر اسکول ہذا کے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کر کے پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں اورتعلیم کی بدولت ہی ہم ایک بہترین قوم بن سکتے ہیں۔بعدازاں تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءوطالبات میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تقسیم کئے گئے۔پروگرام کے اختتام پرآرگنائزرز کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو اعزازی شیلڈبھی پیش کی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
پریس ریلیز
کوئٹہ 27اپریل :۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف اور صدر کوئٹہ پریس کلب رضا الرحمن کی ہمشیرہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Post comment