Download

خبر نامہ نمبر3199/2018
کوئٹہ 20 نومبر۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نوابزادہ طارق مگسی نے منسٹرز بلاک سول سیکریٹریٹ میں معذور افراد کیلئے ریمپ کی عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ منسٹرز بلاک میں فوری طور پر معذور افراد کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے ریمپ تعمیر کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا نہایت ہی اہم حصہ ہیں انکی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر3200/2018
کوئٹہ 20 نومبر۔صوبائی وزیر پی ایچ ای اینڈ واسا حاجی نور محمد دمڑ نے عید میلا د النبی ؐ کی مناسب سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حضور ؐ کی اسوہ حسنہ تمام انسانیت کیلئے رول ماڈل ہے حضور ؐ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے حضور اکرم ؐ کی سیرت طیبہ پر عمل کرکے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہیں عصر حاضر میں ہم سب کے تمام مسائل کا حل رحمت للعلمیٰن ؐ کے اسوہ حسنہ میں موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی زندگی سے ہم سب کو اخوت ، اور صبرو تحمل کا درس ملتا ہے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر3201/2018 
کوئٹہ 20 نومبر۔صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ رحمت العالمین کی اسوہ حسنہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے ۔ حضور اکرم ؐ نے رنگ و نسل و زبان سے بالا تر ہوکر اخوت و بھائی چارے کا درس دیا ہے ۔ سرور کونین ؐ برداشت ، رواداری ، انسانیت، دوستی اور بھائی چارے کا عملی نمونہ تھے ۔ حضرت محمد ؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کالازمی جزو ہے اور نبی ؐآخر الزمان سے محبت ہی میں دنیا و آخرت کی کا میابی پنہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ولادت نبی ؐ کے اس موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہر قسم کی فرقہ پرستی اور آپسی اختلاف سے بالا تر ہوکر بہ حیثیت مسلمان سوچنا ہوگا ۔ آپؐ کی قائدانہ صلاحیتوں سے دنیا سے کئی مسائل کا خاتمہ ممکن ہوا انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے آپؐ کا پیغام محبت بھائی چارگی اور درس انسانیت رہتی دنیا تک قائم رہے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 12 ربیع الا ول کو سرکاری سطح پر منا رہی ہے اور اس ضمن میں اسلام آباد میں دو روزہ عالمی رحمت العالمین کا نفرنس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس میں نبیؐ آخر الزمان کی درس انسانیت اور محبت کو بھر پور طریقے سے اجا گر کیا جائے گا ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر3202/2018
کوئٹہ 20 نومبر۔صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے 12 ربیع الا ول کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الا ول کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ جب نبی ؐ آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰؐ نے بنی نوع انسان کی فلاح وبہبود اور ایک بہترین طرز حیات گزارنے نے کیلئے پوری امت کو حیات طیبہ کے مطابق زندگی گزارنے کا جوسلیقہ عطا کیا لہٰذا بحیثیت امتی ہمارے لئے لازم ہے کہ ہم آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اسلام کی سر بلندی اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کریں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام سے قبل پوری انسانیت اور خصوصاً خطہ عرب کفر و شرک اور جہالت کے اندھیروں میں ڈوبہ ہوا تھا جہاں آپ ؐ کو اللہ تعالیٰ نے رحمت العالمین بناکر بھیجا اور اسلام ، قرآن اور آپ کی مبارک زندگی کو رہتی دنیا تک دنیا میں امن وسلامتی اور انسانیت کی بقاء کا ضامن قرار دیا گیا ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر3203/2018
کوئٹہ 20 نومبر۔صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ ضلع چاغی کے عوام کو تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی سمیت امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور علاقہ کے عوام کو ضروریات زندگی کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا اس ضمن میں ضلع انتظامیہ و دیگر محکموں کے آفیسران و اہلکار ضلع کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ ماضی میں نظر انداز کئے گئے چاغی کے اس اہم علاقہ کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کا خواب پورا ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع چاغی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اجلاس کے شرکاء میں کمشنر رخشان ڈویژن نصیر احمد ناصر ، ایم ایس شیخ زید ہسپتال دالبندین محترمہ ڈاکٹرروشن آراء ، ثناء اللہ ، فضل قادر مندوخیل ، عبدالرؤف ، مسعود ، احترام الحق و دیگر شامل تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں صوبے کو درپیش مالی و دیگر مشکلات سے نکالنے کیلئے بھر پور کوشاں ہے لہٰذا اس حوالے سے پورے صوبے کے تمام محکموں کے آفیسران و دیگر ملازمین وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبے کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں معاونت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارا صوبہ دیگر بڑے صوبوں کی طرح ترقی کی منازل طے کرنے میں کا میاب نہ ہوسکے ۔ انہوں نے چاغی کے تمام آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ علاقہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں تیزی لائیں تاکہ علاقہ کے عوام کو مسائل میں کمی آسکے انہوں نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ علاقہ کی ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تمام سرکاری محکموں میں موجود آفیسران و دیگر اپنے فرائض کو ایمانداری سے انجام دیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت موصول ہونے پر آفیسر و اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر3204/2018
کوئٹہ 20 نومبر۔ حکومت بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق اور مجاز حکام کی منظوری سے مکان نمبر 18خیابان امیر خسرو ڈی ایچ اے فیز 6 نزد کریک کلب کراچی کو فوری طور پر وزیراعلیٰ بلوچستان ہاؤس قرار دیا گیا ہے ۔ 
()()()
پریس ریلیز 
کوئٹہ 20 نومبر۔پروفیسر عابد مقصود ، پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ او رپروفیسر محمد طارق نے نبی کریم ؐکی سیرت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریمؐ ہمارے رہبر کامل اور آئیڈیل شخصیت ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے وجہ تخلیق کائنا ت اور رحمت العالمین قرار دیا ۔ آپؐ پر قرآن نازل ہوا یہ اللہ کا کلام قیامت تک انسانوں کی رہنمائی کے لئے ہے اور حضرت محمد مصطفیٰ ؐ آخری نبی ؐ ہیں تعمیر نوٹرسٹ کے تعلیمی ادار وں کا یہ اعزاز رہا ہے کہ یہاں گزشتہ نصف صدی سے باقاعدگی کے ساتھ جشن عید میلا دالنبی ؐ کی تقریبات منائی جا تی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی تعمیر نو ٹرسٹ کے ساتھ تعلیمی اداروں میں اس مبارک مہینے کے آغاز ہی سے نعت خوانی اور سیرت کے عنوانات کے تحت تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ تعمیر نو کالج کے پروفیسر عابد مقصود نے کہا کہ ادارے کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ تعمیر نو ٹرسٹ کے تمام اداروں کے نعت خوانوں اور مقررین کی میزبانی کررہے ہیں ۔ تقریب کے آخر میں تعمیر نو ٹرسٹ کے سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ نے مقررین اور نعت خوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 
()()()
پریس ریلیز 
قلعہ سیف اللہ20نومبر۔ضلعی الیکشن کمشنر قلعہ سیف اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 27کے تحت انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے پر کروایاجا سکتا ہے ۔ایسے تمام رائے دہند گان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے سے مختلف ہیں وہ مندرجہ بالاایکٹ کی روشنی میں 31دسمبر 2018ء تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق منتقل کروالیں ۔31دسمبر کے بعد ایسے تمام ووٹز جو تیسرے ایڈرس پر درج ہیں انتخابی فہر ستوں سے نکال د ئیے جائیں گے بیان میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کیلئے فارم نمبر 21الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔بیان کے مطابق درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں نیز سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے افراد اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ ایسے پتے پر بھی کروا سکتے ہیں جہاں پرملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو بیان میں واضح کیا گیا کہ الیکشن رولز 2017ء کے مطابق فارم نمبر 21درخواست گزار بذات خود جمع کرا ئے گا بصورت دیگر فارم اختیار نامے کا ساتھ بذریعہ اپنے والد ،والدہ،خاوند /بیوی ،بیٹے /دختر بھی جمع کرایا جا سکتا ہے بیان میں کہا گیا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کیلئے اندراج کی تفصیلات جاننے کیلئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر SMSکریں جبکہ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
()()()

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Post comment