خبر نامہ نمبر 1380/2019
کوئٹہ16 اپریل:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک قدم آگے بڑھائے ہم پانچ قد م آگے بڑھائیں گے، پی سی بی صوبے میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو تراشنے میں ہماری مدد کرے اور کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے آگے آئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور بورڈ کے دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، صوبائی وزراء میر نصیب اللہ مری، محمد خان لہڑی، وفاقی سیکریٹری اکبر حسین درانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری کھیل اور بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام اور ضلعی سطح پرکرکٹ کوچنگ کے ذریعہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں قومی ٹیم کے لئے تیار کی جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ جب تک ہم خود کھیل کے شعبہ میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے کھیلوں میں معیار نہیں آئے گا، سہولتیں ہوں گی تو ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے شامل کئے جائیں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر اور سپانسر اینگرو کمپنی نے کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا وعدہ کیا ہے، چیئرمین پی سی بی نے وزیراعلیٰ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ میں ان کی دلچسپی کو سراہا، انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کو صوبائی سطح پر ڈیوالو(Devolve) کیا جارہا ہے ، صوبوں پر مشتمل ٹیمیں تیار کی جائیں گی، وزراء اعلیٰ کو صوبائی پیٹرن انچیف مقرر کیا جائے گا، انہوں نے بلوچستان میں ضلع کی سطح پر کرکٹ کوچنگ سمیت دیگر سہولتوں اور ضلع اور صوبے کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے فنڈز کی فراہمی کا یقین دلایا جبکہ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اکبر بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں فلڈ لائٹ کی تنصیب اور کرکٹ اکیڈمی اور اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی کی فراہمی کا اعلان کیا۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1381/2019
کوئٹہ16 اپریل:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے تمام صوبائی محکموں اور اداروں کے سیکرٹریوں اور حکام کو ان کے محکموں کی ناقابل استعمال گاڑیوں اور ناکارہ اشیاء کی فوری نیلامی کرکے 10مئی 2019ء تک رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے 15مئی 2019ء کو تمام انتظامی محکموں کے سیکریٹریوں کا اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں ڈویژنل کمشنر بذریعہ وڈیو لنک شرکت کریں گے، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ اربن پلاننگ وترقی کے زیرانتظام کوئٹہ شہر میں بالخصوص اور صوبے کے دیگر شہروں میں بالعموم ٹریفک کے درپیش مسائل کے حل کے لئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو بلوچستان کے قیام کی ہدایت کی ہے، اس ضمن میں سیکریٹری محکمہ اربن پلاننگ کو ضروری اقدامات کرنے اور 16مئی 2019ء کو وزیراعلیٰ کو پریزینٹیشن دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1382/2019
کوئٹہ16 اپریل:۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مختصر دورہ پر کوئٹہ پہنچے گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، صوبائی وزراء میر نصیب اللہ مری، میر ظہور احمد بلیدی، محمد خان لہڑی، آئی جی پولیس اور دیگر حکام نے صدر کا استقبال کیا، بعدازاں صدر مملکت سے گورنر اور وزیراعلیٰ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں سیکوریٹی کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو صوبے میں امن وامان کی بہتری اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا، صدر نے اس ضمن میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ امن وامان کی بہتری کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کرے گی، صدر مملکت گورنر، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزارء کے ہمراہ امام بارگاہ ہزارہ ٹاؤن گئے جہاں انہوں نے ہزارگنجی بم دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، بعدازاں صدر مملکت مغربی بائی پاس پر مسجد جبل نور گئے جہاں انہوں نے سانحہ ہزار گنجی میں مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے علاوہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی، صدر نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ان کی معاونت کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو شہداء کے لواحقین کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق مالی معاونت کے کیسز جلد ازجلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت ایف سی ہسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے بم دھماکے کے زخمی ایف سی اہلکاروں کی عیادت کی، انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے جو نہایت جراء ت اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں، صدر مملکت سہ پہر کو اسلام آباد روانہ ہوگئے، گورنر وزیراعلیٰ اورصوبائی وزرائے نے صدر مملکت کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1383/2019
کوئٹہ16 اپریل:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری بارشوں اور ٹریفک حادثات کی وجہ سے مختلف علاقوں میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی امداد وبحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے بارشوں سے متاثر ہونے والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو متاثرین کی فوری امداد وبحالی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے باد وباراں کی وجہ سے رونما ہونے والے حادثات اور ٹریفک حادثات خاص طور سے گنج ڈوری ضلع مستونگ میں مسافر ویگن اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں گیارہ افراد کے جاں بحق ہونے اور دیگر کے زخمی ہونے پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کی تمامتر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1384/2019
کوئٹہ16اپریل ۔ صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ امتحانات میں غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ نقل کے مکمل خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت طلباء کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف اے ایف ایس سی کے منعقدہ سالانہ امتحانات کے مختلف سینٹروں کے دوروں کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن یوسف بلوچ اور کنٹرولر امتحانات عبدالنبی ساسولی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی مشیر تعلیم نے کوئٹہ، پشین اور کان مہترزئی امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے بعض امتحانی مراکز میں سہولیات نہ ہونے پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ جبکہ بعض مراکز میں عملے کی غفلت پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔ صوبائی مشیر تعلیم نے ہال میں غیر قانونی زرائع استعمال کرنے پر مختلف مراکز کے 60 کے قریب امیدواروں کے پرچے منسوخ کرنے کے احکامات بھی جاری کردئیے۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر بورڈ کو ہدایات دی کہ امتحانی مراکز میں عملے کی غفلت پر کڑی نظر رکھی جائے اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے کہا کہ نقل جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے والدین اور اساتذہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت ایمانداری اور خلوص نیت کو اپنا شعار بناتے ہوئے امتحانات کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات میں میرٹ کی پامالی نہیں ہونے دی جائے گی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ قابل اور محنتی طلباء امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کریں۔ حکومت قابل اور محنتی طلباء و طالبات کی ہرممکن معاونت اور حوصلہ افزائی کرے گی۔
()()()
خبر نامہ نمبر 1385/2019 
گوادر 16اپریل ۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کی ایک 30رکنی وفد گوادر کے دورے پر پہنچ گیا اس موقع پر 30رکنی وفد نے لوکل گورنمنٹ گوادر میں ایک بریفنگ میں شرکت کی ضلع کونسل کے سابق ضلعی چیئرمین بابو گلاب نے بریفنگ میں خصوصی شرکت کی جبکہ لوکل گورنمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر دوست محمد اور ضلعی چیف افسر شہزادہ افضل بلوچ نے لوکل گورنمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی نظام کے تحت لوگوں کے مسائل کر بہتر طریقے سے حل ہونے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہونگے وفد کو لوکل گورنمنٹ کے زیر نگرانی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا وفد نے ادارہ ترقیات گوادر کے اسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا بھی دورہ کیا۔
()()()
خبر نامہ نمبر 1386/2019 
لورالائی16اپریل۔محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی میں 5روزہ پبلک جنرل ٹریننگ کورس کا اہتمام کیا گیا ہے جوکہ 15 سے 19 اپریل تک جاری رہے گی جس میں کالج کے 75طلباء نے حصہ لیا ۔ ٹریننگ سیشنزکے دوران بم ناکارہ بنانے ،فسٹ ایڈ ،ڈیزاسٹر منجمنٹ اور ریسکیو کے بارے میں تفصیلات بتائی گئیں ،ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس ژوب ڈویژن لورالائی تاج محمد نے کہا ہے کہ صوبہ میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے سبب اس طرح کے کورس نہا یت ضروری ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالا ئی سمیت دیگر اداروں کے طلباء کو بھی اس طرح کی تربیت فراہم کی جائے گی جو کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کارگر ثابت ہو گی۔
()()()
خبر نامہ نمبر 1387/2019 
کوہلو16اپریل ۔لیویز رسالدار میجر کوہلو شیر محمد مری نے کہا ہے کہ ضلع میں لیویزفورس بارش اور سیلابی ریلے سے متاثرہ لوگوں کی ہرممکن مدد کرنے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے کوہلو سبی روڈ سوناری نالہ کے مقام پر پھنسے ہوئے لوگوں اور گاڑیوں کو لیویز فورس نے نکل دیا ہے جبکہ ضلع کے مختلف علاقوں سنجاڑ،ملک زائی ،اوریانی ،تمبو،ماوند،نساواور دیگر علاقوں میں لیویز کی ٹیمیں موجود ہیں اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کاجائزہ لیکر ڈپٹی کمشنر عبداللہ خان کھوسہ کو آگاہ کررہے ہیں ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس کوہلو نے حالیہ موسلادھار بارشوں اور سیلابی ریلے میں متاثرہ لوگوں میں راشن ، گرم کپڑے اور کمبل تقسم کئے ہیں لوگوں کی مدد ہماری اولین فرائض میں شامل ہے لیویز فورس کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت میں اپنے قریبی لیویز چوکیوں یا لیویز کنٹرول روم نمبر پر رابطہ کریں تاکہ ان کی بروقت مدد کی جاسکے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 1388/2019
کوئٹہ 16اپریل ۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجلس قائمہ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم ، خواندگی و غیر رسمی تعلیم ، اعلیٰ تعلیم ، صدارتی پروگرام سی ڈی ڈبلیو اے ، معیاری تعلیم سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی نشست بروز جمعہ مورخہ 19 اپریل 2019 بوقت صبح 11:00 بجے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی ۔ اجلاس میں کمیٹی کے تمام فاضل اراکین سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔
()()()
خبر نامہ نمبر 1389/2019
کوئٹہ 16اپریل ۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجلس عمومی برائے قواعد انضباط کار و استحقاقات کی نشست بروز سوموا ر مورخہ 22اپریل 2019 بوقت صبح 11:00 بجے بلوچستان صوبائی اسمبلی کمیٹی روم میں منعقد ہوگی ۔ اجلاس میں کمیٹی کے تمام فاضل اراکین سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1390/2019 
کوئٹہ 16اپریل ۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجلس قائمہ برائے محکمہ صحت عامہ ، بہبود آبادی کی نشست بروز بدھ مورخہ 24 اپریل 2019 بوقت صبح 11:00 بجے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی اجلاس میں کمیٹی کے تمام فاضل اراکین سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1391/2019 
کوئٹہ 16اپریل ۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجلس عمومی برائے سرکاری مواعید کی نشست بروز جمعرات مورخہ 25اپریل 2019 بوقت صبح 11:00 بجے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی اجلاس میں کمیٹی کے تمام فاضل اراکین سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے ۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1392/2019 
کوئٹہ 16اپریل ۔ محکمہ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ایک پریس ریلیز کے مطابق 35 ویں صوبائی حفاظء قرات کے مقابلے 27 اپریل 2019 صبح 10بجے سے 4بجے تک سکندر جمالی آ ڈیٹو ریم سول سیکریٹریٹ کو ئٹہ میں منعقدہوں گے۔ تمام اضلاع سے خوا ہش مند حافظ قرات اس مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کو بین الصوبائی مقابلے کے لئے اسلام آباد بھجوایا جائے گا۔ 
()()()
خبر نامہ نمبر 1393/2019 
گوادر 16 اپریل ۔ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن ر محمد وسیم نے کہا کہ ضلع گوادر میں لیویزکی خالی اسامیاں پر میرٹ اور اہلیت کے مطابق بھرتی کی جائے گی اس سلسلے میں کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ ترقیات گوادر کے اسٹیڈیم میں منعقدہ لیویز فورس کے تحریری ٹیسٹ وجسمانی ٹیسٹ کے جائزہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں لیویز فورس کی 237 خالی اسامیاں کے لے ضلع کی سطح پر ریکرومنٹ کمیٹی کے ذریعے شفاف انداز میں بھرتیاں کی جائے اس سلسلے میں تمام صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی واضح رہے کہ ضلع گوادر کے لیویز کی 237 اسامیوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے پہلے مرحلے میں سب ڈویژن پسنی میں تحریری جسمانی اور دوڑ کے ٹیسٹ کے بعد آج گوادر سب ڈویژن کے امیدواروں کے تحریری اور جسمانی ٹیسٹ کا جی ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس میں انعقاد کیا گیا جہاں پاک آرمی لیویز پولیس کے جوانوں کی نگرانی میں ٹیسٹ لیا گیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن( ر) وسیم احمد اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن (ر) میربازخان مری اسسٹنٹ کمشنر پسنی کیپٹن( ر )جمیل احمد نے ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی ضلع گوادر کی 237 اسامیوں کیلئے ضلع بھر سے 44خواتین امیدواروں سمیت 2687 امیدواروں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں جن سے گذشتہ روز امیدواروں کی سہولیت کے پیش نظر پسنی سب ڈویژن کے امیدواروں کا پسنی میں ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن وسیم احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر روینیو میجر فیاض احمد ،اسسٹنٹ کمشنر پسنی کیپٹن جمیل احمد ،اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن میربازخان مری کی نگرانی میں جسمانی تحریری ٹیسٹ اور دوڑ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 32 خواتین امیدواروں سمیت 12سؤ امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ آج گوادر میں بارہ خواتین امیدواروں سمیت گیارہ سو کے قریب امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ گذشتہ دنوں ضلع گوادر کے تین سو سے زائد امیدواروں نے لیویز کے کیو آر ایف اسامیوں کے ٹیسٹ انٹرویو کیلئے تربت میں حصہ لیا تھا اس موقع پرڈپٹی کمشنر کیپٹن وسیم احمد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج گوادر کے جن امیدواروں کے جسمانی اور تحریر ٹیسٹ لیئے گئے ہیں کل صبح آٹھ بجے ان کا میرین ڈرائیو پدی زر پیشکان آرمی چیک پوسٹ سے دو کلومیٹر دوڑ کا ٹیسٹ لیا جائیگا انہوں نے کہا دوڑ میں پسنی سب ڈویژ ن کے جو امیدوار شامل نہ ہوسکے تھے وہ بھی کل کے دوڑ ٹیسٹ میں حصہ لے سکتے ہیں ڈپٹی کمشنر گوادر کا مزیدکہنا تھاکہ ٹیسٹ انٹرویو کے مراحل مکمل ہونے کے بعد میرٹ کی بنیاد پر نتائج کا اعلان کیا جائیگا۔
()()()