Download

خبرنامہ نمبر 3057/2018
کوئٹہ 09 نومبر :۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعہ کا دن انتہائی مصروفیت میں گزارا سرکاری امور کے انجام دہی کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء سردار محمد صالح بھوتانی، محمد خان لہڑی، سابق صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، میر خالد لانگو، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سید حسنین ہاشمی اور سردار نورمحمد بنگلزئی بھی شامل تھے۔ وزراء سے ہونے والی ملاقات میں صوبائی امور اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ ان ملاقاتوں میں سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی اور دیگر اہم معاملات سے آگاہ کیا ۔
()()()
خبرنامہ نمبر3058/2018
کوئٹہ 09نومبر :۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ حبیب اللہ خان موسی خیل نے سریاب روٹ کی لوکل بسوں کی حالت زار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سریاب روٹ پر روزانہ ہزاروں لوگ ان بسوں میں سفر کرتے ہیں لیکن ان بسوں کی کنڈیشن خراب ہونے سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مالکان اپنی بسوں کی کنڈیشن جلد ازجلد درست کریں بصورت دیگر خستہ حال اور خراب کنڈیشن والی بسوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگئی ۔یہ بات انہوں نے سریاب روٹ کی لوکل بسوں کے معائنہ کرنے کے موقع پر کہی۔اس موقع پر انہوں نے سریاب روٹ کی 64لوکل بسوں کی کنڈیشن او ر کاغذات کے علاوہ دھواں دینے والی بسوں کا بھی معائنہ کیا سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ نے کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہتر بنانے اور لوگوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے بسوں کی حالت زار بہتر بناناناگزیر ہوچکا ہے دیگر صوبوں میں لوکل ٹرانسپورٹ میں تبدیلیاں رونما ہورہی ہے جبکہ کوئٹہ میں تاحال خستہ حال اور خراب کنڈیشن والی بسیں چلائی جارہی ہیں لہذاحکومت پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔اور بہت جلد پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت میں بہتری نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ لوکل بسوں کی کنڈیشن کے معائنہ کر نے کا مقصد لوکل ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات فراہم کرناہے۔اس سلسلے میں کوئٹہ کے تمام روٹ کی لوکل بسوں کے معائنے باقاعدگی سے جاری ہیں جس کے بعد رپورٹ مرتب کرکے کمشنر کوئٹہ اور صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں گی جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کی موجودہ حالات اور اسکی بہتری کیلئے تجاویز دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں موجودہ لوکل بسوں کی حالات بہتر کروانے کے ساتھ ساتھ جدید اور نئی بسیں لانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔آخر میں انہوں نے ٹرانسپورٹر ز کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی بسوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کریں ۔
()()()
خبرنامہ نمبر3059/2018
خضدار09نومبر:۔ بلوچستان ریذیڈینشنل کالج خضدار میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے حوالے سے بی آرسی ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی جبکہ اعزازی مہمانوں میں پروفیسر محمد حسن جاموٹ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج خضدار و پرنسپل بی آر سی خضدار حاجی محمد عالم جتک تھے اس موقع پر طلباء کے درمیان تقریری مقابلہ ہواتقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے علامہ اقبال کی شاعری اور زندگی پر بہت اچھی طرح روشنی ڈالی انہیں چاہئے کہ وہ علامہ محمد اقبال کے فلسفہ پر بھی تحقیق کریں انکی ساری تحقیق خودداری سکھاتی ہے جس انسان میں خود داری ہووہ ملک و قوم کے لئے سب کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے تشکیل پاکستان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں علامہ اقبال کی شاعری نے قوم کو نئی جہت دی طلبا کو چاہیے کہ وہ علامہ اقبال کی فلسفہ شاعری کو پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں جس سے انہیں بہتر زندگی گزار نے میں بڑی مدد ملے گی ۔
()()()
خبرنامہ نمبر3060/2018
سبی 09 نومبر :۔سبی یوم اقبال کی مناسبت سے آرمی پبلک سکول سبی میں پروقار تقریب منعقد ہوئی پروگرام کے مہمان خصوصی کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد تھے اس موقع پر سابق نگراں وزیر اعلی نواب غوث بخش باروزئی، سابق صوبائی نگران وزیر انفارمیشن ملک خرم شہزاد،ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ،برگیڈیر اویس مجید،لیفٹنٹ کرنل رانامحمدآصف اور دیگر ضلعی اور انتظامی افسران سمیت قبائلی وسماجی عمائدین بھی موجود تھے تقریب میں مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد نے کہا کہ جب تک انسان اپنے رب کا طالب نہ ہو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ڈوبا نہ ہو جب تک اس کی نگاہیں کھلی نہ ہو اس وقت تک علامہ اقبال سمجھ میں نہیں آتے انہوں نے علامہ اقبال کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کی تقریب کے آخر میں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات میں کمشنر سبی ڈویژن نے انعامات و نقدی تقسیم کیئے۔
()()()
خبرنامہ نمبر3061/2018
زیارت 09نومبر :۔ضلع زیارت میں باقی ملک کی طرح اقبال ڈے جوش وخروش سے منایا گیا اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی اسکول زیارت ،گورنمنٹ ہائی اسکول کواس غربی ،گورنمنٹ ہائی اسکول چینہ زیارت اور گورنمنٹ بوائزہائی اسکول سمالن سنجاوی میں تقریبات منعقد کی گئیں اور علامہ اقبال ؒ کی افکار پر روشنی ڈالی گئی ۔زیارت میں تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اسلم سارنگزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ؒ نے پاکستان بنانے کا خواب دیکھا ،جس کو قائداعظم ؒ نے عملی جامہ پہنایا ،علامہ اقبال ؒ نے سوئی ہوئی قوم کو جگایا اوران کو روشن راستہ دکھایا جس کی وجہ سے پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا۔
()()()
خبرنامہ نمبر3062/2018
پشین 09نومبر :۔ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے عملے کی حاضری کویقینی بنائیں۔ کیونکہ عوام کو ضروریات زندگی کے لئے سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ۔ جس پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں اور کسی قسم کی غفلت قابل برداشت نہیں ہوگی۔ضلع کے سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں کفایت شعاری ،قانون کی بالادستی،امن و امان کی بہتری سمیت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ جبکہ تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ تمام تر وسائل عوام کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اسکولوں اور ہسپتالوں کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ ،ڈاکٹرزاور پیرامیڈکس اسٹاف سمیت تمام سرکاری ملازمین اپنی حاضریاں یقینی بنا کر فرض شناسی کا مظاہرہ کریںِ ۔کیونکہ قومی مفاد اور اصولوں پر کوئی سمجوتہ نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائن ڈپارٹمنٹ کے افسران کی چار ماہی کارکردگی رپورٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع کے تمام محکموں کے آفیسر ان سمیت محکمہ صحت کی ضلعی آفسر ڈاکٹر ٖفرح دیبا اور محکمہ تعلیم کے ضلعی آفیسر کلیم اللہ شاہ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو درپیش مسائل بھی سنے اور ان مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔جبکہ تمام محکموں کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ تمام محکموں کے ملازمین حکومتی کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنا ئیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں بہتری لانا، عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور بد عنوانی کا خاتمہ کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے ۔اسٹریٹ کرائمز ،منشیات کے اڈے جرائم پیشہ عناصر کی سر کوبی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ کسی کو قانون سے بالاتر تصور نہیں کرینگے اور نا ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی۔
()()()

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Post comment