HomeNews06-09-2019-Friday-(File No.2 CM NEWS)

06-09-2019-Friday-(File No.2 CM NEWS)

06-09-2019-Friday-(File No.2 CM NEWS)

خبرنامہ نمبر 3001/2019
کوئٹہ 06 ستمبر:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دشمن ہمیشہ پاکستانی قوم کے جذبے اور پاک افواج کے عزم ومہارت کے حوالے سے غلط فہمی کا شکار رہاہے،دشمن نے جب بھی جارحیت کی پاک افواج نے اسے منہ توڑ جواب دیا ہے، ۱س سال 28فروری کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے دو جنگی جہاز گرا کر نہ صرف قوم کا مورال اور سر فخر سے بلند کیا بلکہ دنیا کو بتادیا کہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے، قوم پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمنگلی ایئر بیس پر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کمانڈنٹ ایئر وار کالج ایئر وائس مارشل ذوالفقار قریشی اور کمانڈر سمنگلی ایئر بیس ایئر کموڈور زبیر حسن خان کے علاوہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومیں جذبوں سے بنتی ہیں اورجذبے ہی قوموں کو کامیاب کرتے ہیں، جو قومیں اپنی قربانیوں کو ضائع کردیتی ہیں ان کا کامیابیوں کی جانب بڑھنا مشکل ہوجاتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے اور ہم قدرت کے کاموں کو فوری طور پر سمجھ نہیں سکتے، قیام پاکستان کے وقت بعض لوگوں کے تحفظات تھے کہ مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کی ضرورت ہے کہ نہیں لیکن آج بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھ کر دوقومی نظریہ کی اہمیت اور پاکستان کے قیام کا مقصد واضح ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ آج آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت جو کچھ کشمیر میں کررہی ہے یہ ایک خاص طبقہ فکر کی نمائندگی ہے جو بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتوں کو بھی ظلم وجبر کا نشانہ بنارہی ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور اقلیتوں کے خلاف اقدام سے مودی اور گھنا¶نی سوچ کے حامل اس طبقہ کامکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے اور دنیا بھر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف موثر آواز اٹھنے لگی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری قوم یوم کشمیر اور یوم دفاع منارہی ہے ، ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ اور امن کے قیام میں افواج پاکستان، سیکیورٹی فورسز، شہریوں اور معصوم بچوں کی قربانیاں شامل ہیں، ہم شہداءکے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کے عزائم تو ہمیں معلوم ہیں لیکن وہ کھل کر سامنے نہیں آتا ہم پندرہ سالوں سے غیرروایتی جنگ لڑرہے ہیں جس نے قوم میں بیش بہا جانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ہمیں سماجی ومعاشی ترقی کے چیلنج کا بھی سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کوئی عام اور چھوٹا ملک نہیں بلکہ 28کروڑ لوگوں کا ملک ہے ہم آزاد اور خودمخار ہیں اور دنیا کے بہت سے ملکوں سے بہت بہتر ہیں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے اور یہ ملک اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قدرت کے ان خزانوں کو بروئے کار لائیں ا ور اللہ کا شکر ادا کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک خاص مقصد کے لئے بنایا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا،ہماری نئی نسل ہماری امید اور سرمایہ ہے، ان پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے بچوں کو ابھی سے آزادی ، خودمختاری ، وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے سے روشناس کرنا ہے تاکہ جب یہ بڑے ہوں تو انہیں اپنی سمت کا پتہ ہو، وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیشت مضبوط ہوگی تومعاشی ترقی بھی ہوگی اور ہم اس کا موثر تحفظ بھی کرسکیں گے جو یقینا سیاسی حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کی ادائیگی ایک قومی فریضہ کے طور پر کررہے ہیں، بعدازاں وزیراعلیٰ نے یوم دفاع کی مناسبت سے لگائی گئی نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالوں میں رکھے گئے سامان حرب اور جنگی جہازوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایف۔16، جے ایف 17تھنڈر، میراج اور پی ایف 7طیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے پیش کئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 3002/2019
کوئٹہ 06 ستمبر:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ شہر کی مجموعی اور خاص طور سے ایئر پورٹ روڈ کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور گرین بیلٹ کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی کو خصوصی طور پر طلب کرتے ہوئے انہیں صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے ہدایات جاری کیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ اہم سڑک ہے جسے کوئٹہ آنے والے استعمال کرتے ہیں اور سڑک کی موجودہ صورتحال دیکھ کر ان کے ذہنوں میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ سے ملحقہ آبادیوں اور تجارتی مراکز کے سامنے بڑے سائز کے کچرہ دان نصب کئے جائیں اور علاقے کے لوگوں اور تاجروں کو پابند کیا جائے کہ وہ ان کا استعمال کریں بصورت دیگر ان پر جرمانے عائد کئے جائیں، انہوں نے سڑک کی گرین بیلٹ کی بحالی اور سڑک کے اطراف میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمشنر اورڈپٹی کمشنر کو شہر کی بہتری کے فوری نوعیت کے کاموں کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3003/2019
پشاور06ستمبر:۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعہ کے روز پشاور کا مختصر دورہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی، میر ضیاءلانگو اور پارلیمانی سیکریٹری دھنیش کمار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3004/2019
مظفرآباد06 ستمبر:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعہ کے روز آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی ظلم وجبر کے خلاف موثر آواز بن چکے ہیں اور ان کی مکمل حمایت اور نیک خواہشات کشمیر کی تحریک آزادی کے ساتھ ہیں، ملاقات کے دوران دونوں رہنما¶ں کی جانب سے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی گئی اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت اب کشمیر پر مزید تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا اور بالآخر اسے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ آزاد کشمیر کے صدر نے کشمیریوں کی حمایت پر بلوچستان کے عوام ، وزیراعلیٰ اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ مظفر آباد کے دورے کے موقع پر صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی، میر ضیاءلانگو، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹر انورالحق کاکڑ، پارلیمانی سیکریٹری دھنیش کمار، اراکین صوبائی اسمبلی میر گہرام بگٹی، عبدالواحد صدیقی، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر بلال احمد کاکڑ اور چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

Share With:
Rate This Article

bk@gmail.com

No Comments

Leave A Comment